جامعہ رشید العلوم چترا میں ماہانہ امتحان کے کامیاب طلبہ کے درمیان ہزاروں روپے بطور انعام تقسیم

فایل فوٹو


چترا(نامہ نگار)جھارکھنڈ کی معروف و مرکزی درس گاہ جامعہ رشید العلوم چترا میں ماہ ذی الحجہ 1443ھ کے ماہانہ امتحان کے نتائج کا اعلان اور ممتاز طلبہ کے درمیان تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد جامعہ کے مہتمم و شیخ الحدیث مفتی نذر توحید المظاہری کے زیر صدارت مولانا رحمت مسجد میں کیا گیا۔
صدر مجلس نے نمایاں نمبرات سے کام یاب ہونے والے طلبہ کی کد و کاوش،محنت و کوشش اورجہد و سعی کو جہاں سراہا،وہیں کوئی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر پانے والے طلبہ کو بھی حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ:
گرتے ہیں شہسوار ہی میدانِ جنگ میں
وہ طفل کیا گرے جو گھٹنوں کے بل چلے
انہوں نے درس نظامی میں شامل عربی ادب کی مشہور کتاب مقامات حریری کے حوالے سے ایک سطر نقل کی کہ “عند الامتحان،یکرم الرجل او یہان”(امتحان یا تو عزت افزائی کا سبب بنتا ہے یا ذلت کا۔)چنانچہ جن طلبہ نے بہر صورت اپنی توجہ درس و مذاکرے پر مرکوز رکھی،تیقظ و بیداری کو حرز جان بنایا اور حاصل شدہ فرصت و وقت کو غنیمت جان کر اس کی قدر دانی کی انہیں توفیق ملی،انہوں نے اس امتحان میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انعامات حاصل کیے،جس کے نتیجے میں ان کی وقعت میں اضافہ ہوا،ٹھیک ایسے ہی جنہوں نے لایعنی مصروفیات و مشغولیات میں اپنا وقت گزارا اور پڑھنے لکھنے سے پہلو تہی کرتے رہے،آج وہ کف افسوس مل رہے ہیں اور اپنے ہم نشینوں کی نگاہ میں انہیں کوئی مقام حاصل نہیں ہے۔
جامعہ کے صدرالمدرسین و استاذ حدیث مفتی شعیب عالم قاسمی نے طلبہ کومخاطب کرتے ہوئے متعدد قیمتی نصیحتوں سے مستفید کیا،اور ان کے کامیاب مستقبل کی اس شاہ کلید سے آگاہ کیا،جو زندگی کے ہر مرحلے میں ترقی کی راہ پر انہیں رواں دواں رکھنے میں معاونت کرےگی۔
جامعہ کے دفتر تعلیمات سے مولانا اقبال نیر مظاہری نے بتایا کہ درجات حفظ اور اعدادیہ تا سال سوم عربی کے ماہانہ امتحانات بابت ذی الحجہ 1443ھ کا انعقاد 4,5 محرم 1444ھ کو کیا گیا۔ابھی جس کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے۔اس امتحان میں اول پوزیشن کےلیے %60 یا اس سے زائد،دوم کےلیے %50 یا اس سے زائد اور سوم کےلیے %45 یا اس سے زائد نمبرات لانے لازمی تھے۔انہوں نے مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب طلبہ کو دیئے گئے انعامی رقم کی تفصیل اس طرح ہے:اول پوزیشن کےلیے 500روپے،دوم کےلیے 300 روپے اور سوم پوزیشن کےلیے 200 روپے دیئے گئے،نیز درجات حفظ کی ہر درس گاہ کے اول آنے والے کو 300،دوم آنے والے کو 200 اور سوم آنے والے کو ایک سو روپے بطور انعام دیئے گئے۔
ان کے علاوہ اعدادیہ تا عربی سوم،تمام درجات میں امتیازی نمبرات سے کام یاب ہونے والے ممتاز طالب علم کو اول انعام کے ساتھ ساتھ مزید 500 روپے بطور امتیازی انعام دیئے گئے۔ساتھ ہی سب سے ممتاز طالب علم کی حوصلہ افزائی کےلیے حضرت مہتمم صاحب نے اپنی جیب خاص سے 500 روپے اور جامعہ کے استاذ فقہ مولانا اسامہ صادق مظاہری نے اپنی جانب سے 100روپے کے تشجیعی انعام سے نوازا۔
مزید انہوں نے بتایا کہ عربی دوم (ترتیب:الف) کے طالب علم محمد علی (سونرو،چترا) %95.20 فی صد نمبرات حاصل کرکے سب سے ممتاز رہے،جن کی انعامی رقم مجموعی طور پر 1600 روپے رہی۔
انہوں نے تمام درجات کے کام یاب ہونے والے طلبہ کے نام مع پوزیشن کے جو تفصیلات دیں،وہ یہ ہیں:درجہ عربی سوم میں محمد انس(چترا) اول،محمد غفران(رانچی) دوم اور شعیب انصاری(سنگھانی،چترا)سوم رہے۔درجہ عربی دوم (ترتیب الف) میں محمد علی (سونرو،چترا)اول،ریحان فضل(لوہردگا)دوم،اور محمد وسیم اکرم (لوہردگا)سوم رہے۔عربی دوم (ترتیب:ب)میں یوسف خان(کوڈرما)اول،محمدسعود(پرسونی،چترا)دوم،اور محمد مدثر خان(کوڈرما)سوم رہے۔عربی اول میں ابو طلحہ (سنگھ بھوم)اول رہے،دوم و سوم پوزیشن کےلیے مطلوبہ اصول پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے نیچے کی دونوں پوزیشن سے یہ درجہ خالی رہا۔
حفاظ کےلیے مختص درجہ اجرائے عربی و فارسی(ترتیب:الف) میں محمد امداد اللہ(دھنباد)اول،علقمہ بشیری(پرسونی،چترا)دوم،اور محمد ابرار صدیقی (گڈا)سوم رہے۔اجرائے عربی و فارسی(ترتیب:ب)میں محمد عدنان ثاقب(گریڈیہہ) اول،محمد خالد (بانکا)دوم،مساوی نمبرات کی وجہ سے محمد نثار عالم(رانچی)و سلطان انصاری(بردوان) دونوں ہی سوم رہے۔ابتدائے فارسی میں محمد ابو بکر(نوادہ)اول،خالد سیف اللہ(رام گڑھ)دوم،اور محمد ظفر(ہزاریباغ) سوم رہے۔درجۂ اعدادیہ میں محمد منور(آمین،چترا)دوم،اور محمد نظام الدین(نیپال)سوم رہے۔
درجات حفظ میں حافظ حبیب اللہ قاسمی کی درس گاہ سے محمد فہد(ہزاریباغ)اول،مساوی نمبرات کے باعث محمد معراج منصوری(نیپال)و سلمان منصوری(نیپال)دوم،اور محمد نظیر انصاری (ڈمول،چترا)سوم رہے۔حافظ اشفاق المظاہری کی درس گاہ سے عبیداللہ(چترا)سوم رہے۔قاری سہیل احمد المظاہری کی درس گاہ سے محمد ابو شحمہ(چترا)اول،محمد مہتاب عالم(سندواری،چترا)دوم،اور نوشاد عالم(نیپال)سوم رہے۔حافظ اسلام رشیدی کی درس گاہ سے محمد ابراہیم بن عزرائیل(چترا)اول،عبدالسلام(نیپال)و محمد شہباز(ڈمڈوئیا،چترا)دوم،اور محمد وسیم عالم(لِبدا،چترا)سوم رہے۔
تقسیم انعامات کی اس تقریب میں مولانا آفاق عالم المظاہری،مولانا شعیب اختر المظاہری،مفتی عباداللہ المظاہری،مولانا و حافظ حبیب اللہ القاسمی،مولانا و حافظ اشفاق احمد المظاہری،مولانا وقاری سہیل احمد المظاہری،مفتی دل شاد المظاہری،مفتی قیصر القاسمی،مولانا محمد اسامہ صادق المظاہری،مولوی عزیر عالم رشیدی،مولانا عبدالغفور رشیدی،مفتی غلام سرور المظاہری،مفتی عمار القاسمی،مفتی محمد بن نذر رشیدی ندوی و دیگر اساتذۂ کرام بھی موجود تھے۔