جامعہ رشید العلوم چترا میں تکمیل بخاری کی نورانی محفل
🖊شاغل رانچوی
انسان جب دنیا میں آنکھیں کھولتا ہے اور رفتہ رفتہ آگے کی منزلوں کو طے کرنا شروع کرتا ہے تو، کبھی غموں کے ایسے پہاڑ ٹوٹ پڑتے ہیں کہ دل و جگر چھلنی چھلنی اور پارہ پارہ ہوکر رہ جاتا ہے،
لیکن ظاہر ہے صرف غم ہی نہیں اس کے ساتھ ساتھ خوشیوں کے ایسے حسیں مواقع بھی آتے ہیں جس سے ایسا محسوس ہوتا ہیکہ ساری خوشیاں ہمارے دامن پر بہار میں آکر سمٹ گئی ہیں۔
انھیں چند خوشیوں میں سے ہماری آج کی خوشی ہے،
کہ جہاں ایک طرف کلام اللہ کی تکمیل حدر بروایت حفص کی محفل سجتی ہے، تو دوسری طرف کلام رسول اللہ کی تکمیل بخاری کا حسین درس ہوتا ہے۔
مدرسہ عربیہ منع العلوم خیرآباد میں آج ہی تکمیل حدر بروایت حفص کی بہترین محفل سجتی ہے، اور جس کی تکمیل مایۂ ناز قاری، آواز کے جادوگر، فن قرأت کے ماہر اور لب و لہجہ کے ایک قیمتی سرمایہ قاری فیاض احمد صاحب ( ادروی) استاذ شعبہ تجوید و صدر القراء مدرسہ مفتاح العلوم ” مئو یوپی ” فرماتے ہیں، اور تقریبا 28 طالبان علوم نبوت سند قرأت بروایت حفص سے متصل ہوتے ہیں، اور یہ محفل مخدوم گرامی قدر، استاذ ذی قدر، سالار قوم و ملت، فخر ملت حضرت مولانا حافظ عبد الحئی صاحب مفتاحی ناظم اعلی مدرسہ منبع العلوم خیرآباد و صدر جمعیت صوبہ اترپردیش مشرقی ژون کی صدارت میں منزلوں کو طے کر لی، اور جس کی نظامت کی باگ ڈور حضرت الاستاذ مشفق و مکرم مولانا نوشاد احمد صاحب معروفی کے سررہی، مجلس کی افتتاح رفیق درس محمد خزیمہ کوپاگنجی متعلم عربی پنجم نے فرمائی، پھر شان رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی مدح و ثنا فرمائی ” شاہد جامتاڑا “متعلم عربی سوم مدرسہ ہذانے،
جس کے مقررین میں سے استاذ محترم مولانا ابرار احمد صاحب بھیروی، استاذ شعبہ عربی مدرسہ ہذا اور حضرت مولانا شفیق احمد صاحب محمد آبادی، صدر المدرس مدرسہ عربیہ دارالعلوم بریپور محمد آباد مئو یوپی تھے، پھر بحمد اللہ دعا کے ذریعہ اس مجلس کا اختتام ہوا، فللہ الحمد علی ذلک ۔
اور دوسری طرف جامعہ رشید العلوم چترا میں تکمیل بخاری کی نورانی محفل لگتی ہے اور اپنے انوار و برکات سے پورے علاقہ کو منور کرتی ہے۔
بخاری شریف کا آخری درس استاذ محترم فقیہ جھارکھنڈ مفتی نذر توحید صاحب مظاہری شیخ الحدیث و رئیس جامعہ کے ذریعہ اختتام بالخیر کی سعادت حاصل کرتاہے،
جس کی صدارت کی ذمہ داری خود حضرت مہتم صاحب اپنے سر لیتے ہیں۔
اور ناظم جلسہ فن اردو کے ماہر ادیب، نوجوان قلم کار تحریر میں ید طولہ رکھنے والے، میرے شفیق و مہربان جناب احمد بن نذر فرماتے ہیں، اور اس نورانی محفل کا آغاز قاری
صاحب کی تلاوت سے ہوتا ہے،
پھر مدحت سرکار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم کی عظیم الشان فریضہ کو رفیق درس محمد توصیف متعلم عربی ہفتم انجام دیا،
اس محفل کے خطباء میں سے مدرسہ رشید العلوم کے مایۂ ناز اور ماہر استاذ حدیث مفتی محمد شعیب صاحب قاسمی، مفی ضیاء الحق صاحب قاسمی اور مفتی محمد ثناء اللہ صاحب مظاہری تھے ۔
پھر اخیر میں رئیس جامعہ و شیخ الحدیث حضرت مفتی صاحب نے آخری درس دیکر تقریبا 10 وارثین انبیاء کو اجازت حدیث عطا فرمائی اور حضرت کی دعا کے ذریعہ یہ مجلس اپنے مقام کو جاپہنچی۔
فللہ الحمد علی ذلک و لہ الشکر،
اخیر میں تمام تکمیل حدر و بخاری شریف کے ان جانباز سپوتوں کو ہدیہ تبریک پیش کرتا ہوں،
اور بارگاہ ایزدی میں دست بدعا ہوں کہ باری تعالی ان وارثین انبیاء کو امت کے لیے مشعل راہ بنائے اور ان قراء کو قرآن کا بہترین عالم بنائے، اور ان کی زندگی سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق گذرے
آمین یا رب العالمین۔