مفتی محمد قمر عالم قاسمی جمعیت علماء جھارکھنڈ کے کارگزار جنرل سکریٹری منتخب:شاہ عمیر

رانچی:آج بتاریخ 10شوال المکرم سنہ1442ھجری مطابق23 مئی 2021بروز اتوار جمعیت علماء جھارکھنڈ کے ارکان کی بذریعہ گوگل میٹ ورچوول میٹنگ منعقد ہوئی۔جس کی صدارت حضرت مولانا اسرارالحق مظاہری صدر جمعیت علماء جھارکھنڈ نے کی۔ ارکین وشرکاء نے صوبہ جھارکھنڈ کے مختلف موضوعات و مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔کورونا کی دوسری لہر کے بعد تیسری لہر کے سلسلے میں خاص ہدایات جاری کی گئیں۔اور یہ واضح کیا گیا کہ یہ ایک ایسی وبا ہے جس سے ہر خواص عام پریشان ہے۔ اسلئے ہمیں احتیاط اور طبی تدابیر کو اختیار کرنے سے گریز نہیںکرنا چاہیے۔ بھیڑ بھاڑ کی جگہوں سے بچنا چاہیے۔اور ایسی جگہوں میں ڈبل ماسک کے بغیرجانے سے گریز کرنا چاہیے۔غسل اور کپڑے کی صفائی کا خاص اہتمام کرنا چاہیے۔سرکاری گائڈلائن سے ہٹ کر ہمیں کوئی کام نہیں کرنا چاہیے کیونکہ سرکاری گائڈ لائن طبی ماہرین کی جماعت صلاح ومشورے کی بعد جاری کرتی ہے۔اس مصیبت کی گھڑی میں اپنے رشتہ داروں،دوست احباب اور پڑوسیوں کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔بیماروںکی حتی الوسع دیکھ ریکھ کرنی چاہیے۔دار فانی سے دار بقا کی طرف جانے والے کی تجہیزوتکفین میں سرکاری گائڈلائن کا خیال رکھنا چاہیے۔تیسری لہر کے لیےصدر محترم نےحفظ ماتقدم کے طو رپر جمعیت کے تمام ضلعی صدور ،نظماء و اراکین سے آکسیجن،دوا،ماسک،بیڈ کا انتظام علاقہ کے پنچایت اور انجمنوں سے مل کر کرنے کی بات کہی۔خاص طور پر بچوں کےلیے الگ سے بیڈ کا انتظام کرنے کی بھی بات کہی۔مدارس اسلامیہ میں آن لائن تعلیم شروع کرنے کے سلسلے میں تمام اراکین نے تائید کی۔ضلعی جمعیتوں کی کارکردگی پیش کی گئی۔جن میں سرفہرست جمعیت علماء ضلع رانچی ،ضلع سمڈیگا ،ضلع گریڈیہہ،ضلع رامگڑھ کی کارکردگی قابل تحسین وتعریف رہی۔جمعیت علماء جھارکھنڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد ابوبکر قاسمی ؒ وامیرالہند صدر جمعیت علماء ہند واستاذ حدیث و معاون مہتمم دارالعلوم دیوبند حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصور پوری ؒکی رحلت کو امت کا ایک عظیم خسارہ قرار دیا گیا۔سابق جنرل سکریٹری جمعیت علماء جھارکھنڈ وحضرت صدر محترم ؒکے لیے تمام ارکان نے قرآن کی تلاوت کے بعد ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کی کہ اللہ تعالیٰ ان دونوںحضرات ؒ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور انکے درجات کو بلند عطا فرمائے آمین۔اور انکے صاحبزادگان حضرت مولانا مفتی سلمان صاحب منصور پوری وحضرت مولانا مفتی عفان منصور پوری و جملہ اہل خانہ کو صبر جمیل واستقامت عطا فرمائے۔جمعیت علماء جھارکھنڈ کے تمام اراکین و ممبران انکے غم میں برابر کے شریک ہیں۔اور تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہیں۔میٹنگ کے آخیر میں حضرت صدر محترم نے جمعیت علماء جھارکھنڈ کے سپہ سالار و جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد ابوبکر قاسمی نوراللہ مرقدہ کے سانحہ ارتحال کی وجہ سے خالی ہوجانے والے جنرل سکریٹری کے عہدہ کو پر کرنے کے لیے حضرت مولانا مفتی محمد قمر عالم قاسمی استاذ مدرسہ حسینیہ کڈرو رانچی کا نام پیش کیا۔موصوف کا نام لیتے ہی ہر ایک طرف سے تائید ی کلمات موبائل پر گونجنے لگے۔ ہر ایک نے خوشی کا اظہا رکیا،کہ حق بحق دار رسید۔تائید کرنے والوں میں جمعیت علماء جھارکھنڈ کے خازن شاہ عمیر، رانچی ضلع صدر مولانا اصغر مصباحی،رانچی جنرل سکریٹری مولانا عبدالقیوم،دینی تعلیمی بورڈ کے سکریٹری حضرت مولانا محمد اسجد ،لوہردگا سے مولانا احسن امام،و مولانا عبدالحمید،رامگڑھ سے مولانا حکیم غلام سرور،دیوگھر سے مولانا رضوان اللہ قاسمی،جامتاڑا سے حافظ جلال،کوڈر ما سے مفتی محمد زاہد،سمڈیگا سے مولانا منہاج،ومولانا عاصف اللہ،دھنباد سے مفتی سیف اللہ قاسمی،گریڈیہہ سے مولان عین الحق قاسمی،سرائے کیلا کھرساوا سے مفتی شاہد اختر قاسمی اور رکن عاملہ حاجی ظہیراسلام ،حضرت مولانا شعیب امام مسجد عرفات ڈورنڈا،حافظ خورشید،اسلم سعید،حافظ حذیفہ، قاری اخلد،قاری رضوان اللہ،قاری مشتاق،مولانا اقبال اساتذہ مدرسہ حسینیہ قابل ذکر ہیں۔