فرقہ پرستی کا مقابلہ قومی یکجہتی اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی سے ہی ممکن ہے۔
مجلس منتظمہ جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے ریاستی انتخابی اجلاس سے جگرگوشۂ شیخ الاسلام حضرت مولانا سید اسجد مدنی کا خطاب۔
ہزاریباغ17دسمبر:
مجلس منتظمہ جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کاریاستی انتخابی اجلاس زیر صدارت جناب مولانا حبیب الرحمن قاسمی صدرجمعیۃ علماء جھارکھنڈ کیمپ آفس معہدالقرآن الکریم مدنی مسجد نوادہ ہزاریباغ جھارکھنڈ میں منعقد ہوا۔جس میں پورے صوبے کے ضلعی صدور ونظماء اعلیٰ اوراراکین مجلس منتظمہ نے شرکت کی جبکہ جگرگوشۂ شیخ الاسلام حضرت مولانا سید اسجد مدنی نے مرکزی مشاہد کی حیثیت سے شرکت فرمائی۔
صوبہ بھر کے تقریباً چارسواراکین مجلس منتظمہ کو خطاب کرتے ہوئے مولانا مدنی نے کہاکہ جمعیۃ علماء ہند کی تاریخ رہی ہے کہ اس کے ممبر گاؤں گاؤں ہیں جوجمعیۃ علماء ہند کی بنیاد اور اساس کی حیثیت رکھتے ہیں،مولانامدنی نے کہاکہ میں نے دیکھاکہ پورے صوبہ کی نمائندگی ہے اور ہرایک نے اپنے اپنے ضلع کی رپورٹ پیش کی جو قابل تحسین ہے۔مولانا مدنی نے جمعیۃ علماء ہند کی تاریخ کو دہراتے ہوئے کہاکہ ہمارے اکابر واسلاف نے ملک کی آزادی کے لیے چارجنگیں کی ہیں لیکن حضرت شیخ الہند ؒ مالٹا کی جیل سے رہاہو کر جب ممبئی پہنچے تو اس وقت ان کے استقبال کے لیے جنگ آزادی کے تمام بڑے لیڈرسمیت تقریباً تین لاکھ ہندوستانی موجود تھے اس وقت حضرت شیخ الہند نےملک کی آزادی کے لئے ہندومسلم مشترکہ پلیٹ فارم قائم کیااور اس کے لیے گاندھی جی کولیڈرمنتخب ملک بھر میں دورہ کرایا۔ مولانا مدنی نے کہاکہ آج ملک جن حالات سے گزررہاہے اس صورت حال میں ہمیں بھی اپنے اکابر کے نقش قدم پر چلنا ہوگااس لیے جمعیۃ علماء ہند آپ سے گزارش کرتی ھے کہ آپ فرقہ پرستی کا مقابلہ ڈٹ کرکریں چاہے وہ ہندو فرقہ پرستی ہو یامسلم فرقہ پرستی اوراس کے مقابلے کی یہی صورت ہو سکتی ہے کہ آپ برادران وطن کے ساتھ زند گی کے ہر شعبہ میں اپنے میل جول کو بڑھائیں، آپ انہیں اپنے مدرسوں،اپنے پروگراموں اور اپنی تقریبات میں بلائیں اور قومی ہم آہنگی پیداکریں، مولانا مدنی نے کہاکہ ہمارے سامنے حضرت شیخ الاسلام حضرت مولانا حسین احمدمدنی ؒکی تاریخ موجود ہے،جب انہوں نے ملک کی آزادی کے لیے متحدہ قومیت کا نعرہ دیا تھا، یہ ایک ایسانعرہ تھا جو ملک کی گنگاجمنی تہذیب اور اس کی آزادی کے لیے سنگ میل ثابت ہوااگرچہ اس وقت اس نعرہ کی مخالفت کی گئی لیکن حضرت شیخ الاسلام مولاناحسین احمدمدنی اور جمعیۃ علماء ہند ایک قدم پیچھے نہیں ہٹی، آج بھی جمعیۃ علماء ہند اپنے اراکین اور ورکرس سے گزارش کرتی ہے کہ ملک کی سالمیت کے لیے آگے آئیں اورہوش سے کام لیں جوش سے نہیں اور یاد رکھیں کہ حکومت کے خلاف نہ آئیں،مولانا سید اسجد مدنی اپنے بلیغ اور پر اثر خطاب میں کہاکہ ساتھ ہی ساتھ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی زندگی جناب رسول اللہؐ کی زندگی سے ہم آہنگ کریں،ہمارے اکابر واسلاف کی زندگیاں تاریخ کے صفحات میں بکھری پڑی ہیں کہ جنہوں نے ان کی صحبت اختیار کی وہ ان کے ہوکر رہ گئے،آج بھی ہمیں بھی اسی کردار کو اپنانے کی ضرور ہے اس سلسلہ میں مولانا مدنی نے کتاب وسنت کے حوالے سے جھوٹ اور معاشرہ پر اس کے نقصانات کو بہت واضح انداز میں پیش کیاکہ جس سے سامعین کی آنکھیں اشکبارہوگئیں اوراس عزم وحوصلہ کے ساتھ اجلاس سے اٹھے کہ جمعیۃ علماء ہند کے پلیٹ فارم سے لگائی جانے والی ہر آواز پر لبیک کہیں گے اور اس سلسلہ میں عملی جدوجہد کریں گے، اس عزم کے ساتھ کہ اپنے اپنے علاقوں میں قومی ہم آہنگی پیداکرنے کے لیے چھوٹے اور بڑے پروگرام کریں گے اور برادران وطن کواپنے مدرسوں اور پروگراموں میں بلائیں گے اوران سے میل جول بڑھائیں گے، حضرت مولاناسیداسجد مدنی نے ان کلمات کو اداکرتے ہوئے کہاکہ صدرمحترم حضرت مولانا سید ارشدمدنی کی ہدایت ہے کہ صوبوں کی مجالس منتظمہ کے اجلاس میں مرکزی نمائندے جاجاکر یہ پیغام پہنچائیں چنانچہ میں اسی پیغام کو پہنچانے کے لیے صوبہ جھارکھنڈ کی مجلس منتظمہ میں حاضر ہواہوں۔
مولانا مدنی نے اپنے مفصل اور پرمغزخطاب کے بعد جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے نئے عہدیداروں کا انتخاب باتفاق آراء عمل میں آیا۔جس کی تائید پورے ہاؤس نے ہاتھ آٹھاکر کی جس کی تفصیل اس طرح ہے،جناب مولانا حبیب الرحمن قاسمی صدر،جناب الحاج منظور احمدانصاری میدانتا اسپتال رانچی، جناب منظر خان جمشید پور،جناب مولاناادریس مظاہری گڈا،جناب مولانا افضل حسین قاسمی کوڈرمانائبین صدور،جناب الحاج زین العابدین بوکارو خازن۔جناب مفتی محمدشہاب الدین قاسمی جنرل سکریٹری،ساتھ ہی ساتھ جناب سید خالدعمرہزاریباغ،مولانااکرم قاسمی گریڈیہ،مفتی وسیم نعمانی قاسمی چکردھرپوراور جناب مولانا خالد حسین قاسمی پلاموں جوائنٹ سکریٹری اور مولانا صغیر احمدمظاہری ناظم تنظیم وترقی بنائے گئے۔
ریاستی صدرجناب مولانا حبیب الرحمن قاسمی نے منظوم تاریخ جمعیۃ پیش کیااور آئندہ ٹرم میں اپنے جہدمسلسل کے عزم کا اظہارکیاجبکہ ریاستی جنرل سکریٹری جناب مفتی محمدشہاب الدین قاسمی نے جمعیۃ علماء جھارکھنڈکی دوسالہ کارکردگی کو پیش کیااورکہاکہ الحمدللہ پورے صوبہ میں اصلاح معاشرہ کے تقریباً تین سو چھوٹے بڑے اصلاحی پروگرام منعقد کیے گئے جن کے مسلم معاشرہ میں مفید اثرات مرتب ہوئے اسی طرح متعدد مقامات میں ملت کی بیٹیوں کوفتنۂ ارتدادسے بچانے کے لیے خصوصی کیمپ بھی لگائے جو غیر معمولی مفید رہے،جمعیۃ علماء جھارکھنڈ عزم کرتی ہے کہ اس پروگرام کو تحریک کی شکل میں کرتی رہے گی،ریاستی جنرل سکریٹری نے کہا کہ ٹرم 2021-22کی ممبرسازی کے بعد پورے صوبہ میں تقریباپانچ سو مقامی جمعیتوں کی تشکیل ہوئی جس سے صوبہ میں تنظیم استحکام اور مضبوطی کی طرف گامزن ہے۔
مجلس منتظمہ کے اجلاس سے مفتی عبدالحئی قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع دھنباد،مولانا عبدالمعید قاسمی صدر جمعیۃ علماء جامتاڑا،مولانا اکرم قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ مولانااحسان قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع گڑھوا،مولانا خالد قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع پلاموں، مولانا عبدالصبور قاسمی ڈالٹن گنج،مولانا عبدالقادرقاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع سرائے کیلا، مسٹروہاج الحق صدر جمعیۃ علماء ضلع چترا،مفتی شمیم قاسمی صدر جمعیۃ علما ضلع رام گڑھ،مولانا ادریس قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع گڈا،مولانا قمرالدین قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع کوڈرما، مولانا اسلام الدین قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع دیوگھر،مولانا عبدالرؤف قاسمی صدرجمعیۃ علماء ضلع دمکا، مولاناعبدالمجید قاسمی دمکاممبر ورکنگ کمیٹی جمعیۃ علماء جھارکھنڈ،مولانا مصدق قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء بوکارو،مفتی زین العابدین قاسمی جمشیدپور ممبر ورکنگ کمیٹی جمعیۃ علماء جھارکھنڈ، مفتی یونس قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع ہزاریباغ،مولاناشکیل الرحمن قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع ہزاریباغ، مفتی وسیم قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مغربی سنگھ بھوم نے اپنی دوسالہ کارکردگی اور تأثرات پیش کیے جبکہ دانشواران قوم وملت جناب ڈاکٹر آصف ڈائریکٹر اے سی ایم ایس اسپتال رانچی،جناب شاہنواز خان ہزاریباغ،جناب مفتی ثناء اللہ قاسمی ہزاریباغ، جناب ڈاکٹر ظفراللہ صادق ہزاریباغ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
شرکاء اجلاس میں جناب مولانا غفران احمدقاسمی اڑیسہ،جناب مولانا رستم قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع گریڈیہ جناب مولانا پرویز عالم قاسمی صدر جمعیۃ علماء مغربی سنگھ بھوم، جناب مولانا محبوب الرحمن مظاہری جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع کوڈرما، جناب مولانا نعمان قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء ضلع گڈا،مولانا ابوبکرقاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع دمکا،جناب مولانا سہراب قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علما ء ضلع دھنباد،جناب مولانا اقبال ایوبی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع چترا،جناب مولانا نوشاد مظاہری جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع پلاموں،جناب مولانا جلال الدین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء سرائے کیلا، مولانا الیاس مظاہری نائب صدر جمعیت علماء گریڈیہہ ،الحاج ایوب صابری ممبر ورکنگ کمیٹی جمعیۃ علماء جھارکھنڈخصوصیت کے ساتھ قابل ذکر ہیں۔
اجلاس کے آغاز سے پہلے جگرگوشۂ شیخ الاسلام نے جمعیۃ علماء ہند کے جھنڈے کی پرچم کشائی بھی کی اورجمعیۃ علماء ہند کے فلک شگاف نعروں سے جلسہ گاہ گونج اٹھا،مولانامدنی نے اجلاس کے بہتر نظم ونسق کے سلسلہ میں منتظمین کو مبارکباد اوراپنی دعاؤں سے نوازا۔ حافظ الماس کی تلاوت سے اجلاس کا آغاز ہوا، قاری ضیاء اللہ نے نعت اور شاعراسلام ممتازعاطف نے جمعیۃ پر ایک نظم پیش کی اور نظامت کے فرائض مولانا اکرم قاسمی نے انجام دیئے۔مولانا مدنی کی دعاء پر اجلاس اختتام عمل میں آیا۔