رانچی:- مورخہ 14/ اکتوبر2021 مطابق 7/ ربیع الاول شریف 1443 ہجری بروز جمعرات مدھوبن مارکیٹ مین روڈ رانچی میں عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تیاریوں اور ریاست بھر کے عشاقان رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی جانب سے بارھویں شریف کے مسعود ومبارک موقع پر راہنماخطوط،واضح ھدایات اور شرعی اصول جاری کرنے کے لگاتاراصرار کے پیش نظر ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ کی اہم نشست حسب اعلان بعد نماز ظہر ہوئی جس میں مفتیان کرام، علماےدین، ائمہ مساجد اور ذمہ داران ملت نے پروقار شرکت فرمائی ۔اس اہم میٹنگ کی صدارت جناب محمد سعید صاحب سرپرست ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ نے کی۔ قاری محمد ایوب رضوی نائب مہتمم اسلامی مرکز ھندپیڑھی نے تلاوت قرآن سے نشست کا آغاز کیا۔ بعدہ ماہر درسیات مولانامفتی محمد فیض اللہ مصباحی نائب قاضی ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ وپرنسپل اسلامی مرکز نے تفسیر قرآن مقدس پیش فرماتے ہوئے کہاکہ بارہ ربیع الاول شریف وجہ تخلیق کائنات حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی تاریخ یوم ولادت ہے جس پر فرحاں وشاداں ہونے اور خوب خوب خوشیاں منانے پر قرآن مجید واحادیث کریمہ دال ہیں۔ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر بعثت حضرت آدم علیہ السلام سے ہوتارہاہے اور ظاہری آمد رسول کے بعد سے آج تک ہردور میں نبی کی میلاد ہوتی رہی ہے ۔ نشست کی نظامت کرتے ہوے ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ کے ناظم اعلی مولانامحمد قطب الدین رضوی نے نشست کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالااور کہاکہ انتیس کی رویت کے مطابق قاضیان شریعت دارالقضاءادارہ شرعیہ جھارکھنڈ نے 19/ اکتوبر 2021 بروز منگل عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم منانے کااعلان وفیصلہ کیاہے جس کے مطابق ریاست جھارکھنڈ کے گوشے گوشے میں جشن بہاراں عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں اور تمام عاشقان محسن انسانیت رحمۃ للعالمین حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم ولادت باسعادت نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منانے کی تیاری میں مصروف ہیں ناظم اعلی نے کہاکہ موجودہ صورت حال کے مدنظر جھارکھنڈ کے مسلمان ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ کی جانب سے رہنمااصول وھدایات کے منتظرہیں اور یہ خوش آئند بات ہے کہ ریاست کے مسلمان ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ پر اعتماد وبھروسہ کرتے ہوے شرعی، ملی، فلاحی اور سماجی رہنمائی کے لیے بصد شوق اس کی جانب لو لگائے رہتے ہیں ۔بایں وجہ ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ کی جانب سے عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے جشن کی تیاریوں سے متعلق رہنماخطوط جاری کیے جائیں ۔اس لیے کہ ادارہ شرعیہ کے جاری کردہ راہنما خطوط کا انتظار نہ صرف مسلمانوں کو رہتا ہے بلکہ ضلع پرشاشن سے لیکر حکومت جھارکھنڈ کو بھی رہتاہے۔سنی بریلوی سنٹرل کمیٹی کے صدر مولانامحمد جسیم الدین خان نے کہاکہ جس قدر ہم میلادالنبی کاجشن منائیں گے اسی قدر حرارت ایمانی تیز ہوگی، سنی بریلوی سنٹرل کمیٹی کے سکریٹری عقیل الرحمن نے گذشتہ میں ہوئی متعلقہ میٹنگ اور رانچی ایس ڈی او کے ساتھ ہوئی صلاح ومشورہ کو ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ کے سامنے رکھا، رانچی کے مشہور ماہر تعلیمات اور انجمن خدام اصدق کے صدر جناب حاجی سمیع اللہ خان اصدقی نے فرمایاکہ حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم پوری کائنات کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے ہم سب کو چاہیے کہ بارہ ربیع الاول کے پیش نظر سیرت طیبہ پر ہندی ،انگریزی اور اردو میں کتابچے مفت تقسیم کیے جائیں اور پیارے نبی کی سیرت پاک سے تمام معاشرہ کے ہر خاص وعام کو روشناش کرایاجائے، مولاناڈاکٹر تاج الدین رضوی نے فرمایاکہ اس مبارک موقع پر اہل رانچی واہل جھارکھنڈ میں جس طرح امنگ و ترنگ اور جوش وخروش دکھائی دیتاتھا اسے باقی رکھتے ہوے شریعت کی روشنی میں عاشقوں کے حوصلوں کو بال وپر عطاکرناچاہیے۔ اس کے علاوہ تمام طبقات کے درمیان حسن سلوک، رواداری، اخوت ومحبت کو قائم ودائم رکھناہے۔ مولانامحمد شیرمحمد قادری رضوی نے کہاکہ اللہ تعالی نے رحمۃ للعلمین صلی اللہ علیہ وسلم کو شفیع المذنبین بنایا، ھادئی عالم بناکر مبعوث فرمایااور مختار کل بنایا نبی کی آمد باعث برکت ورحمت ہے عید میلاد دونوں عیدوں سے افضل واعلی ہے، مفتی محمد اعجاز حسین مصباحی نے ائمہ ومجتہدین کے اقوال واعمال سے واضح فرمایاکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تاریخ یوم ولادت بارہ ربیع الاول شریف ہے اور اسی تاریخ کے اعتبار سے تمام سلف صالحین کل ائمہ مجتھدین عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کاجش ومیلاد مناتے رہے ہیں ،سماجی کارکن جناب وارث خان نے کہاکہ یہ اللہ تعالی کابے پناہ کرم ہے کہ اس نے اپنے فضل سے ایک بار پھر ہم سب کو ماہ ربیع الاول عطافرمایا ہمارے سماج نے اس مبارک موقع پر صرف شہر رانچی میں تیس سے زائد محفل میلاد پاک کانظم کیاہے اور مختلف رفاہی کاموں کو بھی انجام دیاجائیگا۔ صدارتی خطبہ دیتے ہوے ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ کے سرپرست جناب محمد سعید صاحب نے فرمایاکہ ادارہ شرعیہ مسلمانوں کا بہت ہی مضبوط نمائندہ ادارہ ہے اور اس کے بانی رئیس القلم عالمی اسلامی اسکالرحضرت علامہ ارشدالقادری علیہ الرحمہ نے قوم وملت کو جو وراثت عطا کیاہے اس کی آبیاری کرتے رہنا ضروری ہے انہوں نے کہاکہ بارہویں شریف کے مبارک موقع پر معاشرہ کی اصلاح، قومی ہم آہنگی، بھائی چارہ، ہر شخص کے دکھ درد میں ساتھ دینا، ہربرائی سے دور رہنااور سماج، ریاست اور اپنے دیش کو مضبوط ومستحکم کرناہے ۔
نشست کے اخیر میں باتفاق راے مندرجہ ذیل فیصلے لیتے ہوے مسلمانان جھارکھنڈ کے لیے رہنماخطوط جاری کیے گئے ۔
( 1) ۔19/ اکتوبر2021 بروز منگل بارھویں شریف ہے ۔میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کاجشن خوب دھوم دھام اور عقیدت واحترام کے ساتھ منائیں۔
(2) بارھویں کی شب یعنی 18/ اکتوبر بروز سموار دن گزارکر آنے والی رات میں خصوصا گھروں، محلوں، گلیوں، شاہراہوں، مساجد، مدارس، مکاتب، خانقاہوں، چوراہوں کو لائٹ ،جھنڈیوں اور قمقموں سے سجائیں
(3) اسی شب چہارسو گاؤں، محلوں، قصبوں اور کالونیوں میں محفل میلاد مصطفے کااھتمام کریں اور ہرگھر میں فاتحہ، نذرونیاز کریں،
(4) عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم یعنی بارھویں شریف کے دن غریبوں، محتاجوں، ضرورت مندوں اور بیماروں کی مدد کریں
(5) عیدمیلادالنبی کے موقع پر ہرگھروں کی چھتوں، بال کونیوں، ہرگلی کوچوں کو صاف ستھراکرکے جھنڈے لگائیں، سجائیں اور یوم ولادت باسعادت کی خوشیاں منائیں، علم نشان لگائیں
(6) ہندو، سکھ، عیسائی ،دلت، آدی باسی اور تمام طبقات کے ساتھ خوشگوار ماحول قائم کرتے ہوے انہیں بھی آمد مصطفے اور جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارکبادیاں پیش کریں اور حتی المقدور تحفے تحائف تقسیم کریں،
(7) درود وسلام الصلوۃ والسلام علیک یارسول اللہ، یانبی سلام علیک یارسول سلام علیک،
مصطفے جان رحمت پہ لاکھوں سلام، شمع بزم ھدایت پہ لاکھوں سلام، ربیع الاول امیدوں کی دنیاساتھ لے آیا۔دعاؤں کی قبولیت کو ہاتھوں ہاتھ لے آیا اور نعت مصطفے کاخوب خوب اھتمام کریں۔
8 مین روڈ، چوراہوں اور گلیوں میں آمد رسول اور پیغام محبت بھائی چارے کے بینر لگائے جائیں
(9) ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ نے عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر 17/18/19/20 ،
اکتوبر کو صاف صفائی پانی بجلی اور بہترنظم ونسق پر خصوصی دھیان دینے کی اپیل کی ہے ساتھ ہی ریاست جھارکھنڈ کے تمام باشندوں، ملک کے سبھی افراد وقوم اور اہل عالم کو عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارکبادی پیش کرتے ہوے عالمی امن وشانتی کی امید کی ہے اور کہاہے ہرشخص کے لیے نبی کی سیرت نمونہ عمل ہے اسی فرمان الہیہ پر قائم رہناہے۔
نشست میں جناب محمد سعید سرپرست، مولانامحمد قطب الدین رضوی ناظم اعلی، مولانامفتی محمد فیض اللہ مصباحی، مولاناڈاکٹرتاج الدین رضوی، مولاناجسیم الدین خان، قاری محمد ایوب رضوی، مولانامفتی محمد اعجازحسین مصباحی، الحاج سمیع اللہ خان اصدقی،عقیل الرحمن، الحاج سعید کوثراصدقی، مولاناشیرمحمد قادری،محمد وارث خان، مولانانظام الدین مصباحی، ایس ایم معین، مولاناشمشاد مصباحی، مولاناکلیم الدین مصباحی، مولاناغلام فاروق مصباحی، مولانامسعود فریدی، حافظ مجیب الرحمن رضوی، عادل رشید، ابوذرغفاری، حافظ اشرف اللہ رضوی، حافظ طاہرحسین، مولانانور عالم فیضی، اشرف خان، محمد توحید، محمد مہجود عالم، مولاناشمیم اختر، مولاناعبدالمبین قادری، مولانامہتاب عالم، محمد فاروق احمد، محمد شعیب انصاری، سید تنویر عالم، حافظ شعبان عالم وغیرھم شریک تھے